46

سینیٹ میں مہنگائی پر اپوزیشن کا واک آؤٹ ، چینی چور ، آٹا چور اور دوا ئی چور کے نعرے

اسلام آباد (اعتبار نیوز)سینیٹ میں اپوزیشن نےمہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاجاً ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہوئے چینی چور، آٹا چور، دوا چور کے نعرے لگا دیئے اور چیئر مین ڈائس کا گھیراؤکرلیا جبکہ اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے اچھا اعلان کیا تھا ، اب پٹرول کی قیمت میں اضافے سے سارا ریلیف ختم ہوگیا ۔

نجی ٹی وی کےمطابق سینیٹ اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کےرکن مصطفی نوازکھوکھرنےکہاکہ ایوان کی کارروائی ایسےچل رہی ہےجیسےکچھ ہوا ہی نہیں؟عام آدمی کی زندگی تباہ ہوگئی ہے، ایوان کی کارروائی معطل کرکے پٹرول مصنوعات کی قیمت پربات کی جائے۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ وزیراعظم نے یکم نومبرکو اوگرا کی پیٹرولیم قیمت کی تجویز کو مسترد کیا جبکہ قوم سے خطاب میں کہا کہ پٹرول کی قیمت بڑھ سکتی ہےاورپھرخطاب کے48گھنٹےمیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھ گئی،ریلیف پیکج وزیراعظم نےاعلان کیاجو بہت اچھا کیالیکن اب پٹرول کی قیمت میں اضافے سے سارا ریلیف ختم ہوگیا،ہم اس معاملے پر بات کرکے ایوان سے ایک منٹ کا “ٹوکن واک آؤٹ” کریں گے۔

جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ مہنگائی سرکارسے نجات سب سے بڑا ریلیف پیکج ہوگا۔تحریک انصاف کےرہنما سینیٹر شہزاد وسیم نے بتایا کہ اپوزیشن کو بھی معلوم ہے کہ پٹرول کی قیمت میں کیوں اضافہ کیا گیا؟حکومت کیلئے سب سے مشکل فیصلہ ہوتا ہے جب پٹرول کی قیمت بڑھانی پڑتی ہے،دنیا میں پٹرول کی قیمت میں 100 فیصد اضافہ ہوا اور پاکستان میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں